کن منگ (شِنہوا) چین، لاؤس، میانمار اور تھائی لینڈ کے قانون نافذ کرنے والے افسران نے دریائے میکانگ پر 135 ویں مشترکہ گشت کا آغاز کردیا ہے۔
چین کے قانون نافذ کرنے والے 2 بحری جہاز چین کے جنوب مغربی صوبے یون نان میں شی شوانگ بان نا دائی خوداختیار پریفیکچر کی گوانگ لائی بندرگاہ سے صبح 8 بجے روانہ ہوئے اور منگل سے باضابطہ طور پر مشترکہ گشت شروع کردیا۔
چار ممالک سے قانون نافذ کرنے والے 7 بحری جہازوں پر مشتمل ایک بیڑا دریائے میکانگ کے طاس میں مختلف قسم کے سرحد پار جرائم کی روک تھام اور خطے کی سلامتی و استحکام برقرار رکھنے کے لئے بھیجا گیا ہے۔
ان ممالک کی مشترکہ ٹاسک فورس لاؤس کے علاقے مونگ مو میں گشت کے دوران دریا میں تلاش اور بچاؤ کی مشق کرے گی تاکہ ہنگامی حالات سے مئوثر طریقے سے نمٹنے کے طریقے پر عمل کیا جاسکے۔ چینی قانون نافذ کرنے والے ادارے مفت طبی امداد کے لئے ایک میڈیکل ٹیم بھی بھیجیں گے۔
چین میں دریائے میکانگ کو دریائے لان چھانگ کہا جاتا ہے یہ سرحد پار نقل و حمل کا ایک اہم آبی راستہ ہے۔ چاروں ممالک نے دسمبر 2011 کے بعد اس دریا پر گشت کا آغاز کیا ہے۔