بیجنگ (شِنہوا) چین کے بڑے شہروں میں عمومی طور پر گزشتہ ماہ مکانات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جو جائیداد کے شعبے میں استحکام کو ظاہر کرتا ہے۔
قومی ادارہ شماریات کے مطابق فروری میں 70 بڑے اور درمیانے درجے کے شہروں میں سے 55 شہروں میں نئے مکانات کی قیمتوں میں گزشتہ ماہ کی نسبت اضافہ ہوا جبکہ جنوری میں ان کی تعداد 36 تھی۔
دریں اثناء، 40 شہروں میں گھروں کی دوبارہ فروخت کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جو کہ گزشتہ ماہ کے 13 سے زائد ہے۔
بیورو کے سینئر شماریات دان شینگ گوچھنگ نے اعدادوشمار پر ایک تبصرے میں کہا کہ جائیدادمارکیٹ کو مستحکم کرنے بارے حکومتی پالیسیوں کے اثرات اب بتدریج سامنے آرہے ہیں، اس کے علاوہ مکانات کی طلب بھی بڑھی ہے۔
پہلے درجے کے 4 شہروں بیجنگ، شنگھائی، شین ژین اور گوانگ ژو میں نئے مکانات کی قیمتوں میں 0.2 فیصد اضافہ ہوا، یہ نمو کی شرح جنوری کے برابر ہے۔
دوسرے درجے کے 31 شہروں میں نئے مکانات کی قیمتوں میں 0.4 فیصد اضافہ ہوا جو ایک ماہ قبل کی نسبت 0.1 فیصد زائد ہے ۔ تیسرے درجے کے 35 شہروں میں نئے مکانات کی قیمتوں میں 0.3 فیصد اضافہ ہوا جس نے جنوری میں ہونے والی 0.1 فیصد کمی کو پلٹ دیا۔
سیکنڈ ہینڈ مارکیٹ میں تیزی رہی کیونکہ پہلے اور دوسرے درجے کے شہروں میں قیمتوں میں گزشتہ ماہ کی نسبت بالترتیب 0.7 فیصد اور 0.1 فیصد اضافہ ہوا جبکہ تیسرے درجے کے شہروں میں کمی کا رجحان ختم ہوا۔