بیجنگ(شِنہوا)چین میں اناج کی پیداوار کو بڑھانے کے مقصد کے تحت فصل کی کاشت کرنے والے کسانوں کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
چینی وزارت خزانہ کے مطابق مرکزی حکومت نے کاشتکاری کیلئے اخراجات اور زرعی پیداوار کی صورتحال کے تناظرمیں فصل کی کاشت کرنے والے کسانوں کو سبسڈی دینے کے لیے 10 ارب یوآن (تقریباً1 ارب 46 کروڑ ڈالر) کا فنڈ جاری کیا ہے۔
اناج کے اصل کاشتکاروں کو سبسڈی فراہم کی جائے گی جن میں اپنی کنٹریکٹ شدہ زمین پر اناج اگانے والے کسان، بڑے کاشتکار گھرانے جو منتقل شدہ زمین کے ذریعے اناج اگاتے ہیں، فیملی فارمز، کسانوں کے کوآپریٹیو، زرعی ادارے اور دیگر نئی قسم کے زرعی آپریٹنگ اداروں سمیت اناج کی پیداوار کے لیے خدمات فراہم کرنے والے افراد اور تنظیمیں بھی شامل ہیں۔
وزارت نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد موسم بہار کی کھیتی باڑی کی پیداوار میں تعاون کرنا اور کسانوں کو اناج اگانے کی مزید ترغیب دینا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ سبسڈیز بروقت اور مکمل طور پر جاری کی جانی چاہئیں۔