ارمچی (شِنہوا) غیر ملکی سفارتی مندوبین، عالمی تنظیموں کے نمائندوں، سمندر پار چینی باشندوں اور چین کے ہانگ کانگ اور مکاؤ کی شخصیات نے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خود مختار خطے کی تیزرفتار اقتصادی اور سماجی ترقی کوسراہا ہے۔ انہیں خطے کے "دو اجلاسوں" میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ جب غیر ملکی مہمانوں اور میڈیا کو سنکیانگ کے قانون سازوں اور سیاسی مشیروں کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت یا کوریج کرنے کی دعوت دی گئی ہے، جس کے دوران آمدہ سال میں مقامی معاشی و سماجی ترقی کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے۔
علاقائی عوامی کانگریس کا سالانہ اجلاس منگل جبکہ چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی علاقائی کمیٹی کے سالانہ اجلاس کا آغاز پیر کوہوا۔
سنکیانگ عوامی کانگریس کے سالانہ اجلاس میں پیش کردہ علاقائی حکومت کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق خطے میں 2023 کے دوران علاقائی مجموعی مقامی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 6.8 فیصد رہی۔
شنگھائی تعاون تنظیم سیکرٹریٹ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سہیل خان نے کہا کہ اجلاس سے انہیں سنکیانگ کے مختلف شعبوں جیسے زراعت، معیشت اور تجارت میں بہت سے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق آگاہی حاصل کرنے کا موقع ملا۔
بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کے ڈپٹی چیف آف مشن بلال محمود چوہدری نے کہا کہ وہ سنکیانگ میں کھلے پن سے متعلق پالیسیوں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ وہ ان پالیسیوں کو مزید پاکستانی کمپنیوں تک پہنچائیں گے اور فریقین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے۔