بیجنگ (شِںہوا) چین میں ستمبر کے دوران غیر پیداواری سرگرمیوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جو کہ خدمات اور تعمیراتی صنعتوں میں پائیدار سرگرمیوں کی عکاسی کرتا ہے۔
قومی ادارہ شماریات (این بی ایس) کے مطابق ملک کے غیر پیداواری شعبے کا خریداری انڈیکس ستمبر میں 51.7 فیصد پر تھا جو ایک ماہ قبل سے 0.7 فیصد پوائنٹس زائد ہے۔
انڈیکس میں 50 سے اوپر کی ریڈنگ توسیع جبکہ اس سے نیچے کی ریڈنگ سکڑاؤ کو ظاہر کرتی ہے ۔
قومی ادارہ شماریات کے مطابق ستمبر میں خدمات کا ذیلی اشاریہ 50.9 تھا جو ایک ماہ قبل کے مقابلے میں 0.4 فیصد پوائنٹس زائد ہے۔
قومی ادارہ شماریات کے شماریات دان ژاؤ چھنگ ہی نے بتایا کہ اس عرصے میں خدمات کا شعبہ تیزی سے بڑھا ہے جبکہ آبی نقل و حمل اور ڈاک کے ساتھ ساتھ مالی اور مانیٹری شعبوں میں کاروباری سرگرمیاں 55 سے اوپر ہیں۔
ژاؤ نے بتایا کہ تعمیراتی شعبے نے رواں ماہ ترقی میں تیزی کو برقرار رکھا اور کاروباری سرگرمیوں میں اس کا ذیلی اشاریہ 2.4 فیصد پوائنٹس کے اضافے سے 56.2 فیصد تک پہنچ گیا۔
اس شعبے میں سرگرمیوں کی توقعات بارے ذیلی اشاریہ 61.8 پر آیا جو تعمیراتی اداروں میں مضبوط امید کا عکاس ہے۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق چین کے پیداواری شعبے میں پی ایم آئی ستمبر میں 50.2 پر آگئی جس اس کے توسیع کی سمت بارے واپسی کا اظہار ہے۔