بیجنگ (شِنہوا) یورپ اور ایشیائی امور کے لیے چینی حکومت کے خصوصی نمائندے لی ہوئی نے کہا ہے کہ چین یوکرین کے بحران کے سیاسی حل کے لیے اپنا منفرد کردار ادا کرنے اور اپنی دانشمندی اور طاقت کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔
لی نے ان خیالات کا اظہار یوکرین کے بحران پر شٹل ڈپلومیسی کے دوسرے دور میں چینی سفیروں اور ملکی اور غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں کو بیجنگ میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔
روس، یوکرین اور دیگر متعلقہ یورپی ممالک کے اپنے دوروں کے حوالے سے لی نے کہا کہ انہوں نے تمام فریقین کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے کہ کس طرح جلد جنگ بندی کو یقینی بناتے ہوئے بحران کا سیاسی حل نکالا جائے۔
لی نے کہا کہ تمام فریق چین کی ثالثی کی کوششوں کو سراہتے اور توقع رکھتے ہیں کہ چین زیادہ تعمیری کردار ادا کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ چین، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن اور روس اور یوکرین دونوں کے مشترکہ دوست کی حیثیت سے ثالثی کا کردار ادا کر سکتا ہے اور اختلافات کو ایک طرف رکھتے اوراتفاق رائے کے قیام اور امن مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے ساتھ تمام فریقین کے لیے ایک مشترکہ بنیاد پر پہنچنے کے لیے دونوں ممالک اور دیگر فریقوں کے درمیان معلومات کا تبادلہ کراسکتا ہے۔