بیجنگ (شِنہوا) چین کے اپنی مدد آپ کے تحت تیار کردہ اے ایس 700 انسان بردارسول ہوائی جہاز نے اپنی پہلی بین الصوبائی فیری فلائٹ مکمل کرلی ۔
ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن آف چائن کے مطابق بین الصوبائی فیری فلائٹ کے دوران اس ہوائی جہاز نے تقریباََ ایک ہزار کلومیٹر سے زائد کا فاصلہ طے کیا جو چین کے مقامی ساختہ انسان بردار ہوائی جہاز کی سب سے طویل پرواز ہے۔
ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن آف چائنا نے بتایا کہ اے ایس 700 نے چین کے صوبے ہوبے کے جنگ مین ہوائی اڈے سے اڑان بھری تھی۔ اس نے ہمسایہ صوبے ہونان سے گزرتے ہوئے مقامی ہوائی اڈوں پر 2 جگہ رکنے کے بعد دوبارہ اڑان بھری اورگزشتہ روز دوپہر کو یہ چین کے جنوبی گوانگ شی ژوآنگ خود مختار خطے کے علاقے گوئی لین پہنچا۔
بین الصوبائی سفر کے دوران اس کی پرواز کا مجموعی دورانیہ 12 گھنٹے اور 44 منٹ تھا جس میں پرواز کی اونچائی 500 سے 1 ہزار 990 میٹر اور رفتار 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔
ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن آف چائنا کے اسپیشل وہیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا تیار کردہ اے ایس 700 سنگل کیپسول درصل انسان بردار ہوائی جہاز کی ایک قسم ہے جس میں پائلٹ سمیت زیادہ سے زیادہ 10 مسافر سفر کرسکتے ہیں۔ اس کا زیادہ سے زیادہ ٹیک آف وزن 4 ہزار 150 کلوگرام ، زیادہ سے زیادہ پرواز کی حد 700 کلومیٹر اور زیادہ سے زیادہ پرواز کی صلاحیت 10 گھنٹے ہے۔
ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن آف چائنا نے کہا کہ اس بین الصوبائی فیری فلائٹ سے اے ایس 700 کی کارکردگی کے ساتھ زمین اور ہوا میں ہوائی جہاز کے ہموار آپریشن یقینی بنانے والے عملے اورمعاون ٹیموں کی صلاحیتوں کی بھی جامع انداز میں تصدیق ہوئی۔
پرواز سے طویل وقت اور طویل فاصلے کی فیری فلائٹس کے لئے ہوائی جہاز کی صلاحیت بھی جانچی گئی اور اس کے آپریشنزکے لئے قواعد کا مسودہ تیارکرنے سے متعلق ڈیٹا کی فراہمی بھی ممکن ہوئی۔