بیجنگ(شِنہوا)چین کے مقامی طور پر تیار کردہ اے جی600 بڑے ایمفیبیئس(پانی سے پروازبھرنے کی صلاحیت کے حامل) طیارے نے زیادہ درجہ حرارت اور نمی کی آزمائشی پرواز کامیابی سے مکمل کر لی ہے۔
ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن چائنہ(اے وی آئی سی) کے مطابق اے جی 600 نے یہ آزمائشی پرواز صوبہ جیانگ شی کے نان چھانگ ہوائی اڈے سے کی جو 2.5 گھنٹے تک جاری رہی۔ اس دوران اس کے تما م سسٹمز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
پرواز سے قبل جہاز کو پانچ گھنٹے سورج کی روشنی میں اس موسم میں رکھا گیا جہاں کا اوسط درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ اور اوسط نمی44 فیصد سے زیادہ تھی۔
زیادہ درجہ حرارت اور زیادہ نمی کے ماحول میں آزمائشی پروازسے طیارے کے ہائیڈرولک نظام کی جانچ کی گئی جو اے جی 600 کے سرٹیفکیشن کے عمل کا ایک اہم حصہ ہے۔
ڈویلپر کا کہنا ہے کہ اے جی 600 نے اس سے قبل رواں سال فروری میں چین کے شمالی اندرونی منگولیا خود مختار علاقے میں سرد موسم کی پرواز کا تجربہ مکمل کیا تھا۔