بیجنگ(شِنہوا) نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤ لیجی نے جمعہ کو بیجنگ میں یونان کے وزیر اعظم کیریاکوس میتسوتاکس سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ژاؤ نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماوں کی قیادت میں چین اور یونان نے روایتی دوستی کا مسلسل استحکام، عملی تعاون میں فروغ اور عوامی تبادلوںمیں مضبوطی کا تسلسل برقرار رکھا ہے۔ ژاؤ نے کہا کہ ان کا ملک یونان کے ساتھ تبادلوں کی رفتار کو برقرار رکھنے، مختلف شعبوں میں تعاون کو بہتر بنانے، بیلٹ اینڈ روڈ کی اعلیٰ معیار کے ساتھ مشترکہ تعمیر اور چین-یونان جامع تزویراتی شراکت داری کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانے کاخواہاں ہے۔ ژاؤ لیجی نے کہا کہ چین کی این پی سی مختلف سطحوں پر یونانی پارلیمنٹ کے ساتھ دوستانہ تبادلوں کو مزید مضبوط کرنے، قانون سازی اور نگرانی کے تجربات کے اشتراک ، دوطرفہ عملی تعاون کے لیے قانونی ضمانت فراہم کرنے، کثیر جہتی مواقع پر ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط بنانے اور مشترکہ طور پر بین الاقوامی انصاف کے تحفظ کے لیے تیار ہے۔