ارمچی(شِنہوا)نوول کرونا وائرس کی وباء ختم ہونے کے بعد چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خوداختیار خطے کے دارالحکومت ارمچی میں منگل سے بتدریج ایکسپریس ڈیلیوری کی خدمات اور کم خطرے والے علاقوں میں لاجسٹک کمپنیوں کے آپریشن کو دوبارہ شروع کر دیا جائیگا۔
بلدیہ کے محکمہ تشہیر کے سربراہ سوئی رونگ نے پیر کے روز ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ارمچی میں وبا کی روک تھام اور کنٹرول کی صورتحال میں بہتری جاری ہے، زیادہ خطرہ والے علاقوں میں کمی آ رہی ہے اور کم خطرے والے علاقوں میں معمولات زندگی بحال ہو رہے ہیں۔
شہر کی ڈاک انتظامیہ کے سربراہ فانگ تاؤ نے کہا کہ جمع شدہ پارسلز اور خطوط کو نمٹانے کی کارروائیوں کو تیز کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
شہر میں نوول کرونا وائرس کے حفاظتی اقدامت کے ساتھ پیر سے پبلک ٹرانسپورٹ کو بتدریج اور منظم انداز میں بحال کر دیا گیا ہے۔ کم خطرے والے علاقوں بشمول سپر مارکیٹوں، دواخانوں اور ریستورانوں میں ضروری کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
شہری حکومت نے گزشتہ روز کہا تھا کہ اگرچہ شہر میں کمیونٹی سطح پر کیسز کی منتقلی کو بنیادی طور پر ختم کر دیا گیا ہے لیکن شہر میں اب بھی زیادہ خطرے والے متعدد علاقے موجود ہیں اور مقامی باشندوں کو ابھی بھی وائرس سے انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔