نان جنگ (شِنہوا) چین کے مشرقی صوبے جیانگ سو کے شہر چھانگ ژو کے ایک جدید ہیٹ اسٹوریج اسٹیشن نے کام شروع کردیا ہے جو کہ صنعتی فضلے سے حرارت نکال سکتا ہے اور اعلیٰ درجہ حرارت پر بھاپ کو ذخیرہ کرسکتا ہے۔
چائنہ اسٹیٹ گرڈ کا تعمیر کردہ یہ اسٹیشن بھاپ ذخیرہ کرنے کی کٹنگ ایج ٹیکنالوجی سے لیس ہے جو صنعتی گندے پانی اور فضلہ گیس سے بچی ہوئی حرارت نکال کر تقریباً 160 ڈگری سینٹی گریڈ پر بھاپ پیدا کرکے اسے ذخیرہ کرسکتا ہے جو ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے کاروباری ادارے استعمال کرسکتے ہیں۔
اسٹیٹ گرڈ چھانگ ژو پاور سپلائی کمپنی سے وابستہ یوآن جون چھیو نے بتایا کہ اسٹیشن توانائی کے پائیدار استعمال کے فروغ میں مدد کرسکتا ہے اور اس پورے عمل میں روایتی صنعتوں میں کاربن ختم کرنے کے لئے شمسی توانائی کا استعمال کیا جاتا ہے۔
ایک مقامی ٹیکسٹائل کمپنی کی چیئرپرسن ژینگ مان شیانگ نے بتایا کہ ان کی کمپنی کو بڑی مقدار میں بھاپ کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہم کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر سے فراہم کردہ بھاپ پر انحصار کرتے تھے۔ اس نئے ہیٹ اسٹوریج اسٹیشن کے آغاز سے ہماری فی ٹن بھاپ کی لاگت میں کم از کم 80 یوآن (تقریباً 11.3 امریکی ڈالر) کی کمی ہوگی جس سے توانائی کی مد میں سالانہ 10 لاکھ یوآن سے زائد کی بچت ہوگی۔
چھانگ ژو ایک پیداواری مرکز ہے جو کہ توانائی کی مئوثر ٹیکنالوجیز کے اطلاق کو فعال طور پر فروغ دیکر مجموعی طور پر توانائی کی کھپت کی شدت میں کمی کررہا ہے جس سے توانائی استعمال کی صلاحیت بہتر ہورہی ہے۔
چھانگ ژو میں 2022 میں فی یونٹ جی ڈی پی توانائی کی کھپت میں 11.1 فیصد کمی ہوئی تھی جس سے صوبہ اس شعبے میں اول درجے پر آگیا تھا۔
صنعتی شعبے میں توانائی کی بچت کی صلاحیت مزید بہتر کرنے اور توانائی کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ کے لئے جیانگسو نے ایک "صنعتی شعبے میں توانائی کی بچت اور تکنیکی تبدیلی کا 3 سالہ ایکشن پلان" متعارف کرایا تھا۔
منصوبے کے تحت 2025 تک صوبے کے 2 کروڑ یوآن سے زائد سالانہ آمدن والے بڑے صنعتی اداروں کی ویلیو ایڈڈ فی یونٹ توانائی کی کھپت میں 2020 کی سطح سے 17 فیصد سے زائد کی کمی کی جائے گی۔