نان ننگ(شِنہوا)چین کے جنوبی خودمختار خطے گوانگ شی ژوانگ کے شہر لیوژو سے چینی ساختہ تعمیراتی مشینری سے لدی ایک مال بردار ٹرین ماسکو کیلئے روانہ ہو گئی ہے۔ یہ 2023ء میں روانہ ہونیوالی لیوژو۔ ماسکو مال بردار ٹرین سروس کی پہلی ریل گاڑی ہے۔
چائنہ ریلوے نان ننگ گروپ کے مطابق 18 مئی 2021ء کو لیوژو اور ماسکو کے مابین براہ راست ٹرین سروس کے آغاز کے بعد سے اب تک گوانگ شی کے اس روٹ پر 20 ٹرینیں روانہ ہو چکی ہیں جن کے ذریعے تعمیراتی مشینری کے تقریباً 2 ہزار کنٹینرز کی نقل وحمل کی گئی ہے۔
گزشتہ روز روانہ ہونیوالی ٹرین میں موجود مشینری اور آلات بنیادی طور پر لیوژو میں قائم مشینری ساز ادارے" لیوگونگ مشینری کمپنی لمیٹڈ" کی جانب سے برآمد کیے گئے ہیں۔ کارگو میں موٹر گریڈر، لوڈر اور روڈ رولر شامل ہیں۔
کمپنی کے ایک ڈائریکٹر برائے بین الاقوامی کاروبار لی کائی لیانگ نے بتایا کہ 2022ء میں چین ۔ یورپ مال بردار ٹرین سروس کے ذریعے بھیجی جانے والی ہماری مصنوعات کی برآمدی قیمت 27 کروڑ یوآن(تقریباً 4 کروڑ 3 لاکھ امریکی ڈالر) سے تجاوز کر گئی ہے جو کہ 2021ء کے مقابلے کافی حد تک زیادہ ہے۔