فوژو (شِنہوا)کھیلوں کا سامان بنانے والی بڑی چینی کمپنیوں آنٹا، شی ٹیپ اور لی-ننگ کے 2022 کے دوران کاروبار میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔
سالانہ مالیاتی نتائج کے مطابق،آنٹا کی پورے سال کی آمدنی گزشتہ سال کے مقابلے میں 8.8 فیصد اضافے کے ساتھ 53ارب65کروڑ یوآن ہو گئی،جس سے کمپنی کی تاریخ میں پہلی بار سالانہ آمدنی 50 ارب یوآن سے تجاوز کر گئی۔
آنٹا مسلسل 11ویں سال کھیلوں کے سامان کی ملکی صنعت میں سرفہرست ہے۔ گزشتہ سال آنٹا کے ملازمین کی تعداد میں 7ہزار کا اضافہ ہوا کمپنی 2023 میں مزید 25ہزار ملازمین بھرتی کرے گی۔
بیجنگ اولمپک سرمائی کھیل 2022 آنٹا کے لیے ترقی کا اہم موقع ثابت ہوئے۔ گیمز کے سپانسر کے طور پر، آنٹا نے ملک کی سرمائی کھیلوں کی 12 قومی ٹیموں کے لیے مصنوعات فراہم کیں۔ برانڈ کو اس سپانسرشپ سے فائدہ ہوا اور صارفین کی ایک بڑی تعداد نے اس کی مصنوعات خریدیں۔
آنٹا اسپورٹس کے چیئرمین اور سی ای او ڈنگ شی ژونگ نے کہاکہ ملک کی جانب سے نجی اداروں کے لیے مزید تعاون، کھیلوں کی صنعت کی تیزی سے بحالی اور معیشت کی مستحکم ترقی کے ساتھ، ہم اعلیٰ معیار کی ترقی کے اپنے ہدف کے حصول کے لیے زیادہ پراعتماد ہیں۔