کُن مِنگ(شِنہوا) چین کے شہر کُن مِنگ کے چھانگ شوئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک ادائیگی خدمت مرکز نے کام شروع کردیا ہے جس میں غیر ملکی سیاحوں کو طیارے سے اترتے ہی فوری مدد کی جائے گی۔ کن منگ چین کے جنوب مغربی صوبے یون نان کا ایک انتہائی مقبول سیاحتی مقام ہے۔
مرکز کے نوٹس کے مطابق بڑی خریداری ، ویزا، ماسٹر کارڈ یا یونین پے کارڈ سے کی جاسکتی ہے جبکہ چھوٹی خریداری کے لئے نقد ادائیگی کی سہولت موجود ہے۔ اگر مسافروں کو نقد رقم تبدیل کرنا ہو تو یہاں ایک اے ٹی ایم مشین دستیاب ہے۔ براہ راست رین من بی(آر ایم بی) نکالنے کے لئے ان کارڈز میں سے ایک کا استعمال کیا جاسکتا ہے یا بینک شاخ اور ایکسچینج کاؤنٹر سے آر ایم بی تبدیل کراسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی مسافر وی چیٹ یا علی پے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں اور ای کھپت کے لئے اپنا بینک کارڈ شامل کرسکتے ہیں۔
آمد لاؤنج کے اس مرکز کی پیپلز بینک آف چائنہ یون نان شاخ اور صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ نے مشترکہ طور پر تشہیر کی ہے جس کا مقصد چین میں ادائیگی کی خدمات، خاص کر موبائل فون اسکین کوڈ ادائیگی نظام میں رہنمائی فراہم کرنا ہے۔
کن منگ چھانگ شوئی بین الاقوامی ہوائی اڈا چین کا سفر کرنے والے غیر ملکیوں کی اہم گزرگاہ ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق یکم سے 7 اپریل کے دوران ہوائی اڈے پر بین الاقوامی مسافر پروازوں کی تعداد 388 تک پہنچ گئی تھی جو یومیہ پرواز کی اوسط تعداد کے اعتبار سے گزشتہ ہفتے کی نسبت 16.8 فیصد زائد ہے۔ گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں اندرون ملک مسافروں کی تعداد میں 8.5 فیصد اضافہ ہوا۔