ارمچی(شِنہوا) چین کے سنکیانگ ویغور خوداختیار علاقے میں مغرب بعید میں واقع کزلسوکرغز خوداختیار پریفیکچر میں پہلی ونڈ ٹربائن کی تنصیب گزشتہ روز مکمل کرلی گئی۔
جیسے ہی ہوا کی رفتار 6 میٹر فی سیکنڈ سے کم ہوئی، 131 ٹن وزنی ٹربائن، جس میں 95 میٹر لمبے تین لیف بلیڈ لگے ہوئے ہیں، کو دو کرینوں کے ذریعے اٹھا کر 110 میٹر اونچے ٹاور سے جوڑدیا گیا۔
چائنہ انرجی انویسٹمنٹ کارپوریشن کے ذیلی ادارے،چائنہ لونگ یوآن پاور گروپ کارپوریشن کے مطابق 1ارب20کروڑ یوآن(17کروڑ50لاکھ ڈالر)سے زیادہ کی سرمایہ کاری سے اس طرح کے 38 ونڈ ٹربائنز پر مشتمل یہ پروجیکٹ رواں سال کی تیسری سہ ماہی تک مکمل کرکے گرڈ سے منسلک کیا جائے گا جس سے 200میگاواٹ کی مجموعی پیداواری صلاحیت کا اضافہ ہوگا ۔
پروجیکٹ منیجرچھو چھیاو گانگ نے کہا کہ منصوبہ مکمل ہونے پر بجلی کی سالانہ پیداوار 54کروڑ کلوواٹ گھنٹے تک پہنچنے کا اندازہ ہے، جس سے1لاکھ 64ہزار800 ٹن معیاری کوئلے کی بچت کے ساتھ ہر سال4لاکھ 50ہزارٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو کم کیا جا سکتا ہے۔