• Columbus, United States
  • |
  • Jul, 2nd, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین کے مسافر طیاروں کی جنوب مشرقی ایشیا میں نمائشی پروازیں شروعتازترین

February 28, 2024

شنگھائی (شِنہوا) کمرشل ایئرکرافٹ کارپوریشن آف چائنہ لمیٹڈ (سی او ایم اے سی) کے تیار کردہ سی 919 اور اے آر جے 21 جیٹ لائنر نے جنوب مشرقی ایشیا میں نمائشی پروازیں شروع کردی ہیں ۔ویتنام، لاؤس، کمبوڈیا، ملائیشیا اور انڈونیشیا میں اگلے 2 ہفتے کے دوران دونوں جیٹ لائنرز کا  شیڈول مصروف ہے۔

کمرشل ایئرکرافٹ کارپوریشن آف چائنہ لمیٹڈ نے بتایا کہ نمائشی پروازیں جنوب مشرقی ایشیا کے ہوائی اڈوں اور راستوں پر چین ساختہ تجارتی طیاروں کی مطابقت کی مزید توثیق کریں گی اوراس سے جنوب مشرقی ایشیائی مارکیٹ میں کمپنی کو گاہکوں کی تلاش کی بنیاد پڑے گی۔

اتوار کے روز اختتام پذیر سنگاپور ایئر شو 2024 میں دونوں ماڈلز نے وسیع پیمانے پر توجہ حاصل کی۔

کمرشل ایئرکرافٹ کارپوریشن آف چائنہ لمیٹڈ کے مطابق جون 2016 میں اے آر جے 21 طیارے نے تجارتی پروازیں شروع کی تھیں جس کے بعد سے اب مجموعی طور پر 127 اے آر جے 21 طیارے مہیا کئے گئے ہیں جو ایک کروڑ 10 لاکھ سے زائد مسافروں کو محفوظ سفری سہولیات دے رہے ہیں۔

سردست انڈونیشیا کی ایئرلائن ٹرانس نوسا اے آر جے 21 کے دو طیارے جکارتہ کو دیگر شہروں سے ملانے والے 4 روٹس پر استعمال کرکے ایک لاکھ سے زائد مسافروں کو نقل وحمل کی سہولت فراہم کررہے ہیں۔

سی 919 طیارے نے 28 مئی 2023 کو پہلا تجارتی سفر کیا تھا۔  کمرشل ایئرکرافٹ کارپوریشن آف چائنہ لمیٹڈ نے ایئر لائن کمپنی چائنہ ایسٹرن کو 4 طیارے فراہم کئے ہیں جو شنگھائی سے بیجنگ اور شنگھائی سے چھنگ دو تک دو طرفہ پروازیں چلا رہے ہیں جس سے 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد مسافر سفر کرچکے ہیں۔

کمرشل ایئرکرافٹ کارپوریشن آف چائنہ لمیٹڈ کو توقع ہے کہ اگلی 2 دہائی میں ایشیا بحرالکاہل کی مارکیٹ میں مسافر طیاروں کی طلب 3 ہزار 314 سے 9 ہزار 701 ہوجائے گی۔ کمپنی نے مارکیٹ میں آنے کی تیاری شروع کردی ہے۔