تیانجن(شِنہوا)چین کے نائب وزیر اعظم لیو گوژونگ نے سال 2024 میں فصلوں کی زبردست پیداوار کی ٹھوس بنیاد رکھنے کےلیے کاشتکاری کے انتظام اور موسم بہار کی کاشتکاری کی تیاریوں کے حوالے سے بہتر انداز میں کام کرنے پر زور دیا ہے۔
چین کی شمالی تیانجن میونسپلٹی میں ایک معائنہ دورے کے دوران لیو نے جی نان اور ووچھنگ اضلاع میں موسم سرما میں گندم کی پیداوار، کاشتکاری کے انتظام اور موسمیاتی خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
گزشتہ موسم گرما میں سیلاب سے متاثرہ دیہات کے دورہ کے موقع پر، لیو کو مقامی زرعی شعبے کی بحالی اور سیلاب سے متاثرہ کھیتوں کےلیےسہولیات کی دوبارہ فراہمی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے موسم بہار کی کاشتکاری کے لیے تیاری اور اناج اگائے جانے والے علاقے کو مستحکم کرنے کےلیے کام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ موسم بہار میں کاشتکاری کا رقبہ پورے سال کے نصف سے زیادہ ہوتا ہے جبکہ اس کی پیداوار سالانہ پیداوار کا تقریباً 60 فیصد بنتی ہے۔
انہوں نے دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ کیمیائی کھادوں، کیڑے مار ادویات اور بیجوں کی فراہمی کو یقینی بنانے اور قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں زرعی سہولیات کی بحالی کو جاری رکھنے کی کوششوں پربھی زور دیاہے۔
حالیہ شدید سرد موسم کی وجہ سے زراعت پر پڑنے والے منفی اثرات سے متعلق سوال کے جواب میں چینی نائب وزیر اعظم نے اس حوالے سے موسمیاتی خدمات کی فراہمی کے نظام کو مضبوط بنانے اور نقصانات سے بچنے کے لیے کیڑوں سے بچاؤ کے اقدامات پر زوردیا۔