چھنگ ڈو(شِنہوا) چین کے نائب وزیر اعظم ژانگ گوچھنگ نے صوبہ سیچھوان کے سیلاب زدہ علاقوں میں ہر طرح کی بچاو کی کوششوں پر زور دیا ہے جہاں 30 سے زیادہ افراد لاپتہ ہیں۔
ژانگ گوچھنگ جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن بھی ہیں، نے یا آن شہر کے تحت ہان یوان کاؤنٹی کے آفت زدہ شِنہوا گاؤں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مقامی ہسپتال اور اس آفت سے متاثرہ افراد کی عارضی پناہ گاہ کا معائنہ کیا۔
اس حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنیادی کام لاپتہ افراد کی تلاش اور انہیں بچا نا ہے ،انہو ں نے ہدایت کی کہ مزید پیشہ ور فورسز کو تعینات کیا جائے تاکہ تلاش او ر بچاو کی کوششوں کو تیز کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ثانوی تباہی کو روکنے کی کوششیں کرنی چاہیں کیونکہ علاقے میں مٹی کے تودے ا ور پہاڑی طوفانوں نے حفاظتی خطرات میں اضافہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے فنڈز اور سامان بروقت مختص کیا جائے، نقل مکانی کے مقامات پر طبی خدمات کو مضبوط اور مقامی لوگوں کے بنیادی معیار زندگی کو یقینی بنایا جائے ۔
ژانگ نے کہا کہ چونکہ حال ہی میں بہت سے مقامات قدرتی آفات سے متاثر ہوئے ہیں ، لہذا مقامی حکام کو بارش اور سیلاب کے قبل از وقت انتباہ اور نقل مکانی جیسے ردعمل کو مزید مضبوط بنانا چاہئے۔