بیجنگ (شِنہوا) چین کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کا فنانسنگ پلیٹ فارم"نئے تھرڈ بورڈ" میں درج کمپنیوں کی آمدن میں مسلسل تیسرے برس اضافہ ہوا ہے۔
نیشنل ایکویٹیز ایکسچینج اینڈ کوٹیشن (این ای ای کیو) کے مطابق اندراج شدہ 5 ہزار 926 اداروں کو 2023 کے دوران مجموعی طور پر 15.7 کھرب یوآن (220 ارب امریکی ڈالر سے زائد) کی مشترکہ آمدن ہوئی جو گزشتہ برس کی نسبت 3.08 فیصد زائد ہے۔
نیشنل ایکویٹیز ایکسچینج اینڈ کوٹیشن نے کہا کہ بورڈ میں شامل کمپنیوں کی کارکردگی گزشتہ برس عمومی طور پر مستحکم رہی اور نئی اندارج شدہ اداروں کا معیار بہتر ہوا، بورڈ میں ایسے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی تعداد میں اضافہ ہوا جنہوں نے جدید اور منفرد مصنوعات تیار کرنے کے لئے خصوصی اور جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کیا۔
سال 2023 کے دوران بورڈ کی کمپنیوں کی طویل مدتی سرمایہ کاری 81.81 ارب یوآن تک پہنچ گئی جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 8.33 فیصد زائد ہے جو سرمایہ کاری کے رجحان میں بہتری اور توقعات کی بحالی کی سمت اشارہ ہے۔
مضبوط ایجادات اور تحقیق و ترقی میں ان اداروں کی سرمایہ کاری گزشتہ برس کی نسبت 2.5 فیصد بڑھ کر 54.89 ارب یوآن ہوگئی جو مسلسل 5 واں سالانہ اضافہ ہے۔ جدید ایس ایم ایز کی تعداد 917 رہی جو ایک برس قبل کے مقابلے میں 228 زائد ہے۔
سال 2023 کے دوران بورڈ میں 326 کمپنیوں نے قدم رکھا جو 2022 کے مقابلے میں 20 فیصد زائد ہے۔
یہ بورڈ 2013 میں شروع کیا گیا تھا جس کا مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو کم لاگت اور آسان اندراج طریقہ کار کے ساتھ ایک سرمایہ کاری راستہ مہیا کرنا تھا۔ 2023 میں بورڈ میں شامل کمپنیوں نے 18.02 ارب یوآن جمع کئے جس کا مقصد سرمایہ کی کمی پوری کرنا اور قرض کی ادائیگی تھا۔