چھانگ شا (شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ نے ملک کے وسطی خطے کو مزید متحرک کرنے کے لئے ٹھوس کوششوں پر زور دیا ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے یہ بات نئے دور میں وسطی خطے کو مزید متحرک کرنے سے متعلق ایک سمپوزیم کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
چینی صدر نے اپنی تقریر میں ملک کے اہم اناج پیداواری مرکز ، توانائی اور خام مال کے مرکز ، جدید سازوسامان کی پیداوار اور اعلیٰ ٹیکنالوجی صنعت مرکز اور جامع نقل و حمل مرکز کے طور پر وسطی خطے کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے اعلیٰ معیار کی ترقی کے فروغ اور چینی جدیدیت میں پیشرفت کے لئے مرکزی خطے کو متحرک کرنے سے متعلق نئے ابواب رقم کرنے کے لئے ہم آہنگی پر زور دیا۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور چینی وزیراعظم لی چھیانگ، کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل آفس کے ڈائریکٹر چھائی چھی اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور چینی نائب وزیراعظم ڈینگ شوئے شیانگ نے بھی سمپوزیم میں شرکت کی۔
چینی صدر شی جن پھنگ نے کہا کہ وسطی خطے کو متحرک کرنے سے متعلق گزشتہ سمپوزیم پانچ برس قبل منعقد ہوا تھا جبکہ اس وقت سے خطے میں ترقی اعلیٰ سطح تک پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وسطی خطے کو مزید متحرک کرنے کے لئے اب بھی بہت سی مشکلات اور چیلنجز کا سامنا ہے جن کو حل کرنے کے لئے عملی تحقیق کی ضرورت ہے۔
صدر نے کہا کہ سائنسی اور تکنیکی اختراع کی رہنمائی میں صنعتی اختراع میں پیشرفت کے لئے مزید کوششوں سمیت نئی معیار کی پیداواری قوتوں سے فعال انداز میں استفادہ کرنے کے لیے کوششیں کی جانی چاہیئں۔
چینی صدر شی نے مستقبل کی صنعتوں کے لئے مستقبل کے منصوبوں اور جدید پیداوار کی بنیاد پر صنعتی نظام میں جدت لانے کی کوششیں تیز کرنے پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ وسطی علاقے کو متحرک کرنے کی مہم کو ملک کی دیگر اہم ترقیاتی حکمت عملیوں کے ساتھ بہتر طور پر منسلک کیا جانا چاہیے تاکہ خطے کو ملک کے نئے ترقیاتی نمونوں میں بہتر طور پر ضم ہوکر ملک کے نئے ترقیاتی راستےمیں کردار ادا کرنے میں مدد مل سکے۔