چھانگشا(شِنہوا) چین کے وسطی صوبے ہونان میں ماہرین آثار قدیمہ نے منگ عہد (1368-1644) کا ایک ایسا مقبرہ دریافت کیا ہے جس میں مرنے والوں کو ایک ساتھ دفنایا گیا تھا۔
ثقافتی آثار اور آثار قدیمہ کے صوبائی انسٹی ٹیوٹ کے مطابق یہ مقبرہ لی شیان کاؤنٹی کے گاؤں نانہے میں دریافت ہوا۔
کاؤنٹی کے آثار قدیمہ کی تحقیق اور ثقافتی آثار کے تحفظ کے ادارے کے اہلکار ژو ہوا نے بتایا کہ لی شیان کاؤنٹی کے شمال مغربی پہاڑی علاقے میں گزشتہ سال ثقافتی آثار کی تحقیقات کے دوران گاؤں والوں سے اس مقبرے کے بارے میں معلوم ہواتھا، جس کے بعد اسے فوری محفوظ کرنے کا کام شروع کیا گیا، اس سال فروری میں، ادارے کی جانب سے اس قدیم مقبرے کی کھدائی کے لیے ماہرین کو بھیجا گیا۔
انسٹی ٹیوٹ کے ایک ایسوسی ایٹ محقق تان یوآن ہوئی کے مطابق، یہاں محراب نما دو تدفین خانے ہیں۔ مقبرے کی دیواروں پر پھول بنائے گئے ہیں اور مقبرے کے شمالی چیمبر کی ایک طاق میں نیک تمناوں کے اظہار کے لیے استعمال ہونے والے 16 حروف دریافت ہوئے ہیں۔