بوآؤ، ہائی نان(شِنہوا) انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز(آئی ایف آر سی) کے انڈر سیکرٹری جنرل زیویئر کاسٹیلانوس نے کہا ہے کہ غیر یقینی بین الاقوامی ماحول کا سامنا کرتے ہوئے چین کی طرف سے پیش کردہ متعدد عالمی اقدامات کثیرالجہتی تعاون اور ترقی کے لیے اس کے طویل مدتی عزم کا اظہارہیں۔ چین کے جنوبی صوبے ہائی نان کے ساحلی شہربوآؤمیں 26 سے 29 مارچ تک منعقدہ بوآؤ فورم برائے ایشیا (بی ایف اے) کی سالانہ کانفرنس 2024 میں شِنہوا سے گفتگو کرتے ہوئے کاسٹیلانوس نے کہا کہ عالمی ترقیاتی اقدام، عالمی سلامتی اقدام اورعالمی تہذیبی اقدام جیسےاقدامات چین کے اس عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ اس سال کی کانفرنس کا عنوان "ایشیا اور دنیا: مشترکہ چیلنجز، مشترکہ ذمہ داریاں" تھا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا موضوع بہت اہم ہے۔ مشترکہ ذمہ داری، دنیا بھر کی بھلائی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، امن، ترقی اور ہم آہنگی کا سبب بنے گی۔ آئی ایف آر سی کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ماحول دوست ترقی عالمی موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ایک اہم اقدام ہے اس لیے فورم میں اس سے متعلقہ بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا بھر کے ممالک کو موسمیاتی بحران سے نمٹنے اور ماحول دوست تبدیلی کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔