چھنگ دو (شِنہوا) چین کے معروف سان شنگ دوئی کھنڈرات میں آثار قدیمہ کے ماہرین نے 3 ہزار 400 برس سے زیادہ قدیم قیمتی پتھروں اور پتھر سے فن پاروں تیار کرنے کا ایک کارخانہ دریافت کیا ہے۔
صوبائی ثقافتی نوادرات اور آثار قدیمہ کے تحقیقی ادارے نے کہا ہے کہ پہلے سے دریافت شدہ قربانی کے گڑھوں سے تقریبا ایک کلومیٹر شمال میں واقع یہ تازہ ترین دریافت چین کے جنوب مغربی صوبے سیچھوان واقع سان شنگ دوئی کے آثار قدیمہ میں ہونے والی کھدائی میں ایک اہم پیشرفت ہے۔
نئے دریافت شدہ نوادرات میں خام قیمتی پتھر اور پتھر کا مواد، فضلہ مواد، ٹکڑے اور تیار شدہ حصے شامل ہیں، جو دستکاری کے نسبتاََ مکمل سلسلے کی نشاندہی کرتے ہیں۔
ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ماتحت سان شنگ دوئی کھنڈرات آثار قدیمہ میں کام کے انچارج ران ہونگ لین نے بتایا کہ کارخانہ کی دریافت سے سان شنگ دوئی میں بڑی مقدار میں پائے جانے والے قیمتی پتھروں اور پتھر کے خام مال کے مآخذ ، ان کی تیاری میں استعمال ہونے والی تکنیک، پیداواری عمل اور اس کی تقسیم کے طریقہ جیسے کئی سربستہ راز سے پردہ اٹھے گا۔