ہاربن(شِنہوا) چین کے شمال مشرقی صوبہ ہیلونگ جیانگ کے دارالحکومت ہاربن کو نیدرلینڈز کے شہر ٹِل برگ سے ملانے کےلیے ایک نئے بین الاقوامی مال بردار ٹرین روٹ کا آغاز کیا گیا ہے، جو چین کے سرحدی صوبے کو نیدرلینڈز کے کسی بھی شہر سے ملانے والی پہلی چین-یورپ مال بردار ٹرین سروس ہے۔
چائنہ ریلوے ہاربن گروپ کمپنی لمیٹڈ کے مطابق سروس کا افتتاح کرتے ہوئے55 کنٹینرز میں 13سو ٹن امینو ایسڈ سے لدی ایک مال بردار ٹرین ہاربن انٹرنیشنل کنٹینر سینٹر کے سٹیشن سے روانہ ہوئی۔
ٹرین 10 ہزار257 کلومیٹر کا سفرطے کریگی اور منزولی کی بندرگاہ سے ہوتی ہوئی 15 دنوں میں ٹِل برگ پہنچے گی۔
سٹیشن کے سربراہ لیانگ چھوان کا کہنا ہے "سمندری راستے سے ترسیل کے مقابلے میں نئی مال بردار ٹرین سروس کے ذریعے ڈیلیوری کے وقت میں دو تہائی بچت ہوگی جبکہ فاصلہ بھی نصف ہو جائے گا۔"
اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے پہلے دو ماہ میں چین-یورپ مال بردار ٹرینوں کی تعداد اور ان کے ذریعے سے ہیلونگ جیانگ سے مال برداری کی نقل و حمل کے حجم میں گزشتہ سال کے مقابلے میں بالترتیب 161.5 فیصد اور 151.6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔