بیجنگ (شِنہوا) چین کی اکیڈمی آف سائنسز (سی اے ایس) نیچر انڈیکس2024 کے ریسرچ لیڈرز کی درجہ بندی میں سرفہرست جبکہ چھ چینی یونیورسٹیاں بھی ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔ نیچرانڈیکس 2024 کے ریسرچ لیڈرز نے 2023 کے دوران نیچر انڈیکس جرنلز میں کارکردگی کی بنیاد پر نیچرل اور ہیلتھ سائنسز کے شعبوں میں سرکردہ اداروں اور ممالک کی درجہ بندی کی ہے۔ سی اے ایس عالمی سطح پر کیمسٹری، فزیکل سائنسز اور ارتھ اینڈ انوائرمنٹل سائنسز میں پہلے اور بائیولوجیکل سائنسز میں دوسرے نمبر پر ہے۔ چین کی چھ یونیورسٹیاں بھی ٹاپ 10 میں شامل ہیں جن میں یونیورسٹی آف چائنیز اکیڈمی آف سائنسز، یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آف چائنہ، پیکنگ یونیورسٹی، نانجنگ یونیورسٹی، ژی جیانگ یونیورسٹی اور تسنگھوا یونیورسٹی شامل ہیں۔ چین ملکی درجہ بندی کے حوالے سے 2023 میں اعلیٰ معیار کی تحقیق میں سرفہرست رہا، اس کے بعد امریکہ، جرمنی، برطانیہ، جاپان اور فرانس رہے۔