• Columbus, United States
  • |
  • Jul, 24th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین کے تائیوان میں 7.3 شدت کا زلزلہ، 4 افراد ہلاک، 97 زخمیتازترین

April 03, 2024

تائی پے / بیجنگ (شِنہوا) چین کے تائیوان کی کاؤنٹی ہوالین کے قریب سمندری علاقے میں بدھ کی صبح 7.3 شدت کا زلزلہ آیا جس سے ہونے والی تباہی کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 97 زخمی ہوگئے۔

مقامی میڈیا نے فائر ڈپارٹمنٹ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک ڈرائیور چٹان گرنے ہلاک ہوا جبکہ دیگر 3 افراد کاؤنٹی ہوا لین میں ایک سیاحتی مقام کے راستے پر ہلاک ہوئے۔

تائیوان کے محکمہ موسمیات نے زلزلے کی شدت 7.2 ریکارڈ کی ہے جو 21 ستمبر 1999 کو آنے والے مہلک زلزلے کے بعد 25 برس میں جزیرے پر آنے والا سب سے طاقتور زلزلہ ہے۔

چینی ریاستی کونسل میں  تائیوان امور دفتر کی ترجمان ژو فینگ لیان نے کہا کہ چینی مین لینڈ کو صورتحال پر گہری تشویش ہے اور وہ اس آفت سے متاثرہ تائیوان کے ہم وطنوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

ترجمان ژو فینگ لیان نے کہا کہ مین لینڈ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے امداد فراہم کرنے کو تیار ہے۔

چینی زلزلہ نیٹ ورک مرکز کے مطابق زلزلہ بدھ کی صبح 7 بجکر 58 منٹ (بیجنگ وقت) پر آیا جس کا مرکز 23.81 ڈگری شمالی طول بلد اور 121.74 ڈگری مشرقی طول بلد پر 12 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔

زلزلے کے بعد وزارت قدرتی وسائل کے انتباہ مرکز نے سونامی الرٹ جاری کیا تھا جسے بعد میں ختم کردیا گیا۔

انتباہ مرکز نے کہا ہے کہ زلزلے کے باعث اس کے مرکز کے قریب مقامی سونامی آیا جس سے تائیوان کے ساحلی علاقوں کے کچھ حصوں پر تباہ کن اثرات مرتب ہوئے تاہم بعد میں اس کی شدت میں کمی آ گئی۔

تائیوان کے محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ  15.5 کلومیٹر گہرائی میں آیا ۔ زلزلے کا مرکز ہوالین سے 25 کلومیٹر دورجنوب مشرق میں تھا۔ زلزلے کی سب سے زیادہ شدت ہوالین کاؤنٹی میں 6 ریکارڈ کی گئی۔

مقامی حکام نے ہوالین میں کام کاج کے مقامات اور اسکول کلاسوں میں سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔

زلزلے کے شدید جھٹکے پورے تائیوان میں محسوس کیے گئے۔ تائی پے میں شِنہوا کے صحافیوں نے شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے جہاں عمارتیں ایک منٹ سے زیادہ وقت تک مسلسل لرزتی رہیں ۔ صحافیوں کی رہائشی عمارت میں لفٹ آپریشن روک دیا گیا تھا۔

ہوالین میں متعدد رہائشی عمارتیں جزوی طور پر منہدم ہو گئیں جس سے سیکڑوں رہائشیوں کو نقل مکانی کرنا پڑی جبکہ پہاڑی علاقوں میں پتھر گرنے کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔

زلزلے سے نیو تائی پے شہر میں ایک ربڑ فیکٹری کی عمارت منہدم ہوگئی۔

جزیرے پر متعدد کاؤنٹیز اور شہروں میں سب وے عارضی طور پر بند کریئے گئے ہیں  تاہم تقریبا ایک گھنٹے کے تعطل کے بعد تائی پے کا میٹرو نظام دوبارہ بحال ہوا۔

ہوالین اور اطراف میں 5 شدت کے زلزلے کے متعدد آفٹرشاکس محسوس کئے گئے۔

تائیوان کے محکمہ موسمیات نے اگلے 3 دن میں مزید زلزلوں کی پیش گوئی کی ہے جن کی شدت 7 تک ہوسکتی ہے۔

آبنائے تائیوان پار چینی مین لینڈ میں فوجیان، گوانگ ڈونگ، شنگھائی، ژے جیانگ اور جیانگ سو میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔