فوژو (شِنہوا) چین کی تیز ترین سمندر پار تیز رفتار ریل نے آپریشن کا آغاز کر دیا ہے جس میں آبنائے تائیوان کے مغربی ساحل پر ٹرینیں زیادہ سے زیادہ 350 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
ایک فوشینگ ٹرین جی 9801 چین کے مشرقی صوبے فوجیان کے دارالحکومت فوژو سے صبح 9 بجکر 15 منٹ پر روانہ ہوئی جس کے ساتھ 277 کلومیٹر طویل فوژو-شیامین -ژانگ ژو تیز رفتار ریلوے کا بھی آغاز ہوگیا ۔
ملک کے ریلوے آپریٹر چائنہ اسٹیٹ ریلوے گروپ کمپنی لمیٹڈ کے مطابق یہ چین کی پہلی سمندر پار تیز رفتار ریلوے ہے جس کی ڈیزائن کردہ رفتار 350 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
یہ ریلوے کا تازہ ترین بڑا بنیادی ڈھانچہ منصوبہ ہے جو ریلوے نے فوجیان میں رابطے بڑھانے کے لئے شروع کیا ہے۔ پہاڑی خطہ ہونے کے سبب اس علاقے میں نقل و حمل کے مواقع اور ان کی صلاحیت طویل عرصے سے بہت محدود ہے۔ یہ ٹرین فوژو، پوتیان، چھوان ژو ، شیامین اور ژانگ ژو شہروں میں رکے گی۔
نئی ٹرین سے صوبے کے اقتصادی مرکز اور سیاحتی مرکز فوژو اور شیامین کے درمیان سفر کا دورانیہ ایک گھنٹے سے بھی کم ہوجائے گا۔ اس وقت تیز ترین ٹرین کا سفر تقریباً 1 گھنٹے اور 20 منٹ کا ہے۔
ریلوے میں سمندر کے اوپر 19.9 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک پر ایک حیرت انگیز سمندری نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ یہ 3 ساحلی خلیج چھوان ژو ، مائی ژو اور انہوئی کو پلوں کے ذریعے عبور کرتا ہے ۔ اس کے بارے انجینئرز کا کہنا ہے کہ ان کی تعمیر غیر معمولی طور پر مشکل تھی۔
چین ریلوے سی یوآن سروے اینڈ ڈیزائن گروپ کمپنی لمیٹڈ کے پروجیکٹ منیجر لی پھنگ ژو نے بتایا کہ اس ریلوے لائن میں دیگر تیز رفتار ریل منصوبوں کی تعمیر کے دوران پیش آنے والے تقریباً تمام چیلنجز کو دور کیا گیا ہے۔