بیجنگ (شِنہوا) چین کے انسان بردارخلائی ادارے(سی ایم ایس اے) نے مستقبل میں چاند پر مشاہدے کےلیے انسان بردار مشن میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔
سی ایم ایس اے کے مطابق نئے انسان بردار خلائی جہاز کا نام مینگ ژو رکھا گیا ہےجس کے معنی " سپنوں کا جہاز" ہےجو اس حقیقت کی جانب اشارہ کرتا ہے کہ انسان بردار چاند کی کھوج کا مشن چینی عوام کے خلائی خواب کو پورا اور خلائی مہم جوئی میں ایک نئے سفر کا آغاز کرتا ہے۔
چاند لینڈر کا نام لان یو رکھا گیا ہے جس کے معنی " چاند کو قبولیت بخشنا" ہے۔ یہ اصطلاح آنجہانی چیئرمین ماؤ زے دونگ کی ایک نظم میں موجود ہے ۔
ادارے نے کہا ہے کہ یہ لفظ چینی عوام کے کائنات کی کھوج سے متعلق اعتماد کی علامت ہے۔
ان ناموں کا انتخاب عوام کی جانب سے موصول تقریباً 2 ہزار تجاویزمیں سے کیا گیا ہے۔
چین سائنسی تحقیق کے لیے 2030 سے قبل چاند پر اپنے خلاباز اتارنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ منصوبے کے تحت چاند کے مدار میں بالترتیب ایک انسان بردار خلائی جہاز اور ایک چاند لینڈر بھیجنے کے لئے دو کیریئر راکٹ استعمال کئے جائیں گے۔
خلائی جہاز اور چاند لینڈر مشترکہ طور پر لنگرانداز ہوں گے جس کے بعد خلاء باز لینڈر میں داخل ہوں گے۔
سی ایم ایس اے کا کہنا ہے کہ اب تک مینگ ژو، لان یو اور لانگ مارچ -10 کیریئر راکٹ پر تحقیق اور ترقی درست انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔