بیجنگ(شِنہوا) چین کے شہری مستقبل میں اپنی ذاتی معلومات فراہم کئے بغیر سائبر اسپیس آئی ڈیز استعمال کرتے ہوئے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں سے خدمات حاصل کرسکیں گے۔
عوامی رائے حاصل کرنے کے لیے وزارت پبلک سیکورٹی اور سائبر اسپیس ادارے کی جانب سے گزشتہ روز ایک مسودہ دستاویز جاری کی گئی، جس کا مقصد شہریوں کی ذاتی معلومات کا تحفظ ، سائبر اسپیس آئی ڈیز کی تصدیق کے لیے عوامی خدمات کو منظم کرنا اور قابل اعتماد آن لائن شناختی حکمت عملی پر عملدآمد کو تیز کرنا ہے۔
دونوں محکموں کی طرف سے مشترکہ طور پر جاری پریس ریلیز کے مطابق سائبر اسپیس آئی ڈیزدو اشکال پر مشتمل ہوگی، پہلی حروف اور اعداد کی ایک سیریز جبکہ دوسری آن لائن دستاویز کی صورت میں۔دونوں اشکال کسی بھی فرد کی حقیقی زندگی کی شناخت سے مطابقت رکھتے ہیں تاہم اس سے تحریری شکل میں ذاتی معلومات فراہم نہیں ہوں گی۔
حکومت کی جانب سے سائبر اسپیس آئی ڈی کی تصدیق اور فراہمی کے لیے ایک قومی خدمت پلیٹ فارم قائم کیا جائے گا جہاں رضاکارانہ طور پر درخواست دی جاسکے گی۔
مسودہ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کو اب خدمات کے لیے اندراج کراتے وقت یا اپنی شناخت کی تصدیق کے لیے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں کو اپنی ذاتی معلومات فراہم کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔