بیجنگ(شِنہوا)چین نے فلسطین کے لیے اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماو ننگ نے گزشتہ روز روزانہ کی پریس بریفنگ میں فلسطین کے لیے اقوام متحدہ کی رکنیت کے حوالے سے چینی موقف سے متعلق ایک سوال کے جواب میں یہ بیان دیا۔ایک رپورٹ کے مطابق فلسطین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے باضابطہ طور پر درخواست کی ہے کہ وہ 2011 میں اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت کے لیے اس کی جانب سے دی گئی درخواست پر دوبارہ غور کرے۔ امریکہ نے کہاہے کہ وہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جامع معاہدے سے قبل فلسطین کی اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت کی مخالفت جاری رکھے گا۔ماو نے کہا کہ اس وقت جاری فلسطین اسرائیل تنازعہ اور اس کی وجہ سے پیدا ہونے والا شدید انسانی بحران ایک یاد دہانی ہے کہ اس تنازعہ کے خطرناک چکر کو ختم کرنے کا واحد راستہ دو ریاستی حل پرمکمل عملدرآمد کرتے ہوئے فلسطین کی ایک آزاد ریاست کا قیام اور فلسطینیوں کے ساتھ طویل عرصے سے جاری تاریخی ناانصافیوں کا ازالہ کرنے میں ہے۔