اقوام متحدہ(شِنہوا) چین نے جوہری تخفیف اسلحہ اورایٹمی عدم پھیلاؤ کو فروغ دینے کے لیے بین الاقوامی برادری سے مشترکہ کوششوں کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب ژانگ جون نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کی مکمل روک تھام ،ان کامکمل خاتمہ اور جوہری ہتھیاروں سے پاک دنیا کا حتمی قیام بین الاقوامی برادری کی مشترکہ خواہش ہے۔ سلامتی کونسل کے اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے چینی ایلچی نے کہا کہ تمام ممالک کو حقیقی کثیرالجہتی پر عمل کرنے کے لیے ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہوئے مشترکہ، جامع، تعاون پر مبنی اور پائیدار سلامتی کے تصور پر کاربند رہنا چاہیے، سرد جنگ کی ذہنیت اور بلاک تصادم کو یکسرمسترد اورجوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) کی اتھارٹی اوراس کے موثرہونے کومضبوط کرتے ہوئے مشترکہ طور پرجوہری تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلاؤ کو فروغ دیناچاہیے۔ ژانگ نے کہا کہ جوہری ہتھیار رکھنے والے ممالک کو سٹریٹجک خطرات کو کم کرنے کے لیے قابل عمل اقدامات تلاش کرتے ہوئے ایک دوسرے کے خلاف جوہری ہتھیاروں کے استعمال میں پہل نہ کرنے کے لیے بات چیت اور معاہدے کرنا چاہیئں اور جوہری ہتھیار نہ رکھنے والی ریاستوں کو قانونی طور پرسلامتی کی یقین دہانی کرانی چاہئے۔