• Columbus, United States
  • |
  • Jul, 4th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین کا روزگار کے مواقع مزید بڑھانے کا فیصلہتازترین

March 10, 2024

بیجنگ (شِںہوا) چینی وزیر انسانی وسائل و سماجی تحفظ وانگ شیاؤ پھنگ نے کہا ہے کہ روزگار مارکیٹ میں طلب بڑھ رہی ہے اس لئے چین روزگار کے فروغ سے متعلق متعدد اقدامات کرے گا۔

قومی مقننہ کے جاری اجلاس کے موقع پر وانگ نے صحافیوں کو بتایا کہ مصنوعی ذہانت اور بگ ڈیٹا جیسے شعبوں میں باصلاحیت افراد کی زبردست مانگ ہے  اورصحت کی دیکھ بھال، رہائش، کھانے پینے اور ثقافتی سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں بھی طلب بڑھ رہی ہے۔

وزیر کے مطابق اس طرح کی طلب ثابت کرتی ہے چینی معیشت کی رفتار تیز ہورہی ہے اور یہ روایتی صنعتوں کی تبدیلی ،اپ گریڈیشن اورمعیاری نئی پیداواری قوتوں کی تیز رفتار ترقی بھی ظاہر کرتی ہے۔

وانگ کے مطابق اس رجحان کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ چینی معیشت کی طویل مدتی مضبوط بنیاد میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اوراعلیٰ معیار کی ترقی کو ٹھوس تعاون حاصل ہے۔

وانگ نے کہا کہ روزگار مارکیٹ مستحکم کرنے اور لوگوں کے ذریعہ معاش کو بہتر بنانے سے متعلق حوصلہ افزا اقدامات کئے جائیں گے جن میں ترجیحی سماجی بیمہ پالیسیوں و مالی تعاون کو جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ  نچلی سطح کے کاروباری اداروں سمیت چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی مدد کرکے روزگار کے مواقع وسیع کرنا شامل ہے۔

ان اقدامات میں روزگار سے متعلق خدمات میں بہتری اور بڑے گروپوں کے روزگار کو یقینی بنانا بھی شامل ہے۔ روزگارکے متلاشی افراد کے بڑے گروپوں جیسے تقریباً 1 کروڑ 17 لاکھ 90 ہزار کالج گریجویٹس ، سابق فوجیوں ، مہاجرکارکنوں اور معذور افراد کے لئے رواں سال معاون اقدامات کئے جائیں گے۔