بیجنگ(شِنہوا) چین ثقافتی ورثے کو مزید ترقی دینے کے لیے اس شعبے کے ہنر مند پیشہ ور کارکنوں کی تربیت کو مزید بہتر بنائے گا۔
وزارت تعلیم اور قومی ثقافتی ورثہ کے ادارے کی طرف سے مشترکہ طور پر جاری کردہ ایک سرکلر کے مطابق،پیشہ ورانہ اسکولوں میں ثقافتی ورثے سے متعلقہ مضامین میں اہلکاروں کی مہارت کو بہتر بنایاجائے گا۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ دونوں ادارے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے کہ متعلقہ اہلکاروں کی تربیت اس شعبے کی عملی ضروریات کے مطابق ہو۔ ثقافتی ورثے کے ادارے کی تحقیق کی بنیاد پر، وزارت تعلیم مقامی حکومتوں کو متعلقہ مخصوص مہارتو ں سے آراستہ کرنے کے لیے رہنمائی فراہم کرے گی۔
دستاویز کے مطابق قدیم فن تعمیر کی انجینئرنگ اور ثقافتی آثار قدیمہ جیسے ترقی پذیر شعبوں کو خصوصی اہمیت دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ثقافتی آثار کی بحالی اور غاروں میں بنے مندر کے تحفظ کے کورسز کو بہتر بنایا جائے گا۔
دستاویز میں ورثے سے متعلق ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز اور دیواروں پر پینٹنگ اور دیگر آرٹ ورک اور مجسموں کے تحفظ سے متعلق نئے کورسز شروع کرنے پر زور دیا گیا ہے۔