بیجنگ (شِنہوا) چین نے کہا ہے کہ وہ عالمی سیکورٹی گورننس کوبہتر بنانے اوراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1540پر عملدرآمد میں پیش رفت کرے گا۔ان خیالات کا اظہارچینی وزارت خارجہ کے آرمز کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹرجنرل سن شیاؤبونے ایشیا بحرالکاہل خطے میں اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قرارداد(یو این ایس سی آر) 1540کے فوکل پرسنز کےچوتھے تربیتی کورس سے کیا۔
بیجنگ میں تربیتی کورس کا انعقاد چین کی وزارت خارجہ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل 1540 کمیٹی اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے تخفیف اسلحہ نے مشترکہ طور پر کیا تھا ۔ تربیتی کورس میں ایشیا بحرالکاہل خطے کے 27 ممالک اور 14 بین الاقوامی اور علاقائی تنظیموں اور اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ رواں سال قرارداد 1540 کی منظوری کی 20 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔اس قرارداد کی رو سے رکن ممالک ممنوعہ اشیا کی برآمد کو کنٹرول اور دیگر اقدامات اٹھانے، عدم پھیلاؤ کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے اور غیر ریاستی عناصر کو بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے پابند ہیں۔اس کے علاوہ قرار داد سے اس بات کو باضابطہ بنایاجاتا ہے کہ عدم پھیلاؤ کے اقدامات سے رکن ممالک کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کے جائز حق کو نقصان نہیں پہنچے گا۔