بیجنگ(شِنہوا) چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے "چینی خطرے" کے بیانیےاور تصادم کو ہوا دینے کی کوششوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کیاہے۔
وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے ان خیالات کا اظہار روزانہ کی نیوز بریفنگ میں جاپان اور نیٹو کی طرف سے جاری کردہ مشترکہ بیان سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کیا۔ دونوں فریقوں نے چین روس فوجی تعاون میں پیش رفت پر تشویش کا اظہار کیاتھا۔
ماؤ نے کہا کہ چین نے ہمیشہ دنیا اور علاقائی امن و استحکام کے محافظ کے طور پر خدمات انجام دی ہیں جس کا وسیع پیمانے پر اعتراف کیا جاتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ جاپان کے فوجی اور سیکورٹی اقدامات کو اس کے ایشیائی ہمسایہ ممالک اور بین الاقوامی برادری قریب سے دیکھ رہے ہیں اور یہ کہ جاپان کو تاریخ سے سبق حاصل اور پرامن ترقی کی راہ پر گامزن رہتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ اس سے ملکوں کے درمیان اعتماد کو ٹھیس پہنچے نہ ہی علاقائی امن و استحکام کو نقصان ہو۔ چین کی طرف سے نام نہاد سیکورٹی خطرات کے بارے میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹولٹن برگ کے بیان کے بارے میں ماؤ نے کہا کہ ایک علاقائی دفاعی اتحاد رہنے کا دعویٰ کرتے ہوئے، نیٹو نے مسلسل اپنے روایتی دفاعی زون اور دائرہ کار سے آگے بڑھ کر فوجی طاقت اور ایشیا پیسیفک ممالک کے ساتھ فوجی اور سیکورٹی تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوشش کی اور"چینی خطرات" کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا۔