بیجنگ (شِنہوا) چین کے سب سے بڑے قانون ساز ادارے، 14 ویں قومی عوامی کانگریس (این پی سی) کا دوسرا سالانہ سیشن ختم ہوگیا۔
بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں منعقدہ سیشن کے اختتامی اجلاس میں چینی رہنماؤں شی جن پھنگ، لی چھیانگ ، وانگ ہوننگ ، چھائی چھی ، ڈینگ شوئے شیانگ ، لی شی اور ہان ژینگ نے شرکت کی۔
سیشن کی پریزیڈیم کے ایگزیکٹو چیئرپرسن ژاؤ لی جی نے اجلاس کی صدارت کی جس میں قومی عوامی کانگریس کے 2 ہزار 900 نائبین شریک ہوئے۔
قانون سازوں نے ریاستی کونسل کے نظر ثانی شدہ بنیادی قانون کی منظوری دی۔صدر شی جن پھنگ نے قانون کو نافذ کرنے کے لئے صدارتی حکم نامے پر دستخط کئے۔
قانون سازوں نے سرکاری کارکردگی رپورٹ اور قومی عوامی کانگریس قائمہ کمیٹی، اعلیٰ عوامی عدالت اور اعلیٰ عوامی استغاثہ کی کارکردگی رپورٹس کی منظوری دی۔
انہوں نے قومی اقتصادی اور سماجی ترقی سے متعلق 2023 کے منصوبے پر عمل درآمدسے متعلق رپورٹ سمیت 2024 کے مجوزہ خاکے کے ساتھ ساتھ 2024 کے لیےمنصوبہ سے متعلق ایک رپورٹ کی منظوری بھی دی۔
انہوں نے 2023 کے لئے مرکزی اور مقامی بجٹ پر عملدرآمد اور 2024 کے لئے مرکزی اور مقامی بجٹ کے مسودے پر ایک رپورٹ کی منظوری دیتے ہوئے 2024 کے لئے مرکزی بجٹ بھی منظور کرلیا۔
اجلاس سے خطاب میں ژاؤ لی جی نے کہا کہ سالانہ اجلاس نے اپنا ایجنڈا کامیابی سے مکمل کیا ہے۔ اجلاس کے نتائج چین کی عوامی جمہوریت اور ملک کے بنیادی سیاسی نظام کی عظیم طاقت کو ظاہر کرتے ہیں۔
انہوں نے اس بات کا تذکرہ کیا کہ رواں سال عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 75 ویں سالگرہ ہے، اور قانون سازوں پر زور دیا کہ وہ عوام پر مبنی ترقی کے فلسفے کے مطابق کام کرتے ہوئے عوامی جمہوریت کو فروغ دیں اور چینی جدیدیت میں اپنا کردار ادا کریں۔
قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤلی جی نے اختتامی اجلاس سے قبل پریزیڈیم اجلاس اور ایگزیکٹو چیئرپرسنز اجلاس کی صدارت کی۔