بیجنگ (شِنہوا) چینی اعلیٰ سیاسی مشاورتی ادارے کے سالانہ سیشن کا دوسرا مکمل اجلاس منعقد ہوا۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی قومی کمیٹی کے چیئرمین وانگ ہوننگ نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے دوران چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی قومی کمیٹی کے 14 ارکان نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ننگ جی ژے نے کہا کہ مستحکم معاشی نمو برقرار رکھنے کے لئے مزید پالیسیاں متعارف کرنا چاہئے انہوں نے مقامی طلب میں اضافے کے لئے ہرممکن کوشش پر زور دیا۔
چھن چھون نے کہا کہ بنیادی تحقیق میں آزادانہ کھوج کی طرز کو مزید گنجائش فراہم کرنے اور محققین کو بامقصد سائنسی یا تکنیکی مسائل کی کھوج کی ترغیب دینے کی ضرورت ہے۔
یی گانگ نے ملک کی مالیاتی اور اقتصادی سلامتی کے تحفظ کے لئے مالیاتی شعبے میں اعلی ٰ سطح کے کھلے پن کے فروغ پر زور دیا۔
سِما ہونگ نے کہا کہ اعلیٰ معیار کی ترقی کے لئے جدید صنعتی نظام سے تعاون ضروری ہے ۔ انہوں نے ایک ایسےصنعتی نظام کے قیام کی ضرورت اجاگر کی جس میں سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں اختراع کو قائدانہ طور پر جدید پیداوار کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہو۔
سِی جون نے دریائے یانگسی طاس کی مربوط ترقی کو اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی حکمت عملیوں کو مزید ہم آہنگ کرنے اور آزمائشی زون کی تعمیر کے فروغ کی کوششیں کی جانی چاہئیں۔
وانگ لو نے نئے مواد کی صنعت کے فروغ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے نئے مواد کی اہم کیٹگریز اور نمایاں صنعتوں کے کلسٹروں کا احاطہ کرتے ہوئے سائنس و ٹیکنالوجی اختراع میں تیزی لانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔
دیگر سیاسی مشیروں نے زرعی جدیدیت ، نئی قسم کی کھپت، اناج کی پیداوار، سائنس وٹیکنالوجی مالیاتی نظام، تعلیم، نجی کاروباری اداروں، بزرگوں کی دیکھ بھال کی خدمات اور بچوں کی پیدائش کی خدمات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔