بیجنگ(شِنہوا) چین نےعام انتخابات کے پرامن اور کامیاب انعقاد پر پاکستان کو مبارکباد دی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے پیر کو باقاعدہ نیوز بریفنگ میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں پاکستان کو مبارکباد دی۔
ترجمان نے کہا کہ ایک قریبی اور دوست ہمسایہ ہونے کے ناطے چین پاکستانی عوام کے انتخاب کا مکمل احترام اور پوری امید کرتا ہے کہ پاکستان میں تمام متعلقہ فریق انتخابات کے بعد سیاسی اتحاد اور سماجی استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے مل کر کام کریں گے اور قومی ترقی کے مستقبل کے لیے ٹھوس کوششیں کریں گے۔
ماؤ ننگ نے کہا کہ چین اور پاکستان ہرموسم کے تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں۔ چین روایتی دوستی کو جاری رکھنے، مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو مزید مضبوط بنانے ، نئے دور میں ہم نصیب مستقبل کے ساتھ مزید قریبی چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کو تیز کرنے اور دونوں ممالک کے عوام کو بہتر طور پر فائدہ پہنچانے کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے۔