شنگھائی(شِنہوا) چین کے مقامی سطح پر تیار کردہ ہوائی جہاز ’’ اے آر جے 21 ‘‘ نے ملک کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خوداختیار علاقے میں انتہائی بلند سطح مرتفع پر پروازوں کا آغاز کر دیاہے۔
اس علاقائی ایئر روٹ سے جنوبی سنکیانگ کے کاشغرلائننگ بین الاقوامی ہوائی اڈے کو تاشکورگان تاجک خود اختیار کاونٹی کے خنجراب ہوائی اڈے سے منسلک کیا گیا ہے جوجنوبی سنکیانگ کے علاقے پامیر میں چین-پاکستان سرحد پر واقع ایک زمینی بندرگاہ ہے۔
سطح سمندر سے 1ہزار500 میٹر سے زیادہ اونچائی پرواقع ایئرپورٹ سطح مرتفع ایئرپورٹ کہلاتا ہے،جبکہ 2ہزار438میٹر سے بلندی پر قائم ہوائی اڈے کوبلندترین سطح مرتفع کا ہوائی اڈہ شمار کیاجاتا ہے۔
سطح سمندر سے 3258 میٹر کی بلندی پر واقع خنجراب ایئرپورٹ سنکیانگ کا پہلا انتہائی بلند ہوائی اڈہ ہے۔
چین کے جنوب مغربی صوبہ سیچوان میں واقع چینگڈو ایئرلائنز نے بتایا کہ اس نے بہترین کارکردگی کی وجہ سے اے آر جے 21 طیارے کو اس راستے پر تعینات کیا ہے۔
ہوائی جہاز کو بنانے والی کمرشل ایئر کرافٹ کارپوریشن آف چائنا لمیٹڈ نے کہا ہے کہ اس نے جہاز کو ڈیزائن اور تیار کرتے وقت اونچائی والے ہوائی اڈوں کی فضائی نقل و حمل کی ضروریات کو مدنظر رکھا۔