بیجنگ(شِنہوا) چین نے امریکہ کی جانب سے اپنا تسلط برقرار رکھنے اور دنیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے ڈرانے دھمکانے کی کوششوں کی مذمت کی ہے۔
وزارت قومی دفاع کے ترجمان ژانگ شیاوگانگ نے ان خیالات کا اظہار جاپان میں امریکی افواج کی تشکیل نو اور دونوں ممالک کی جانب سے چین پر جوہری ہتھیاروں میں اضافے کے الزامات کے حوالے سے میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں کیا۔
ترجمان نے کہا کہ امریکہ اور جاپان دونوں چین کے نام نہاد فوجی خطرے کو اپنے قریبی فوجی تعلقات کا جواز دے رہے ہیں۔ اس کی سخت مخالفت کا اظہار کرتے ہوئے ژانگ نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں بلاک تصادم کو ہوا دیتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں۔
چین کے دفاعی ترجمان نے کہا کہ امریکہ دنیا کے لیے سب سے بڑا جوہری خطرہ ہے اور یہ کہ اس کے پاس دنیا کا سب سے بڑا جوہری ہتھیاروں کا ذخیرہ ہے اور وہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال میں پہل کی جوہری پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
ایٹمی حملوں کا نشانہ بننے والے دنیا کے واحد ملک جاپان کی مذمت کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ اس نے تاریخ سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا بلکہ نام نہاد "جوہری ڈیٹرنس" حاصل کرنے کے لیے امریکہ سے رجوع کیا۔