پنوم پن(شِنہوا)کمبوڈیا میں مویشیوں کی بیماریوں منہ کھر اور لمپی سکن سے بچاؤ اور ان پر قابو پانے میں مدد کیلئے چین کی جانب سے کمبوڈیا کو ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں عطیہ کی گئی ہیں۔
یہ ویکسینز پنوم پن میں وزارت زراعت، جنگلات و ماہی پروری میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کمبوڈیا میں چین کے سفیر وانگ وین تیان نے کمبوڈین وزیر زراعت، جنگلات و ماہی پروری ڈتھ ٹینا کے حوالے کیں۔
وانگ وین تیان نے کہا کہ اس عطیہ میں مویشیوں کی بیماری منہ کھر کی 5 لاکھ خوراکیں اور لمپی سکن بیماری کیلئے گوٹ پاکس ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں شامل ہیں۔ مزید کہا کہ یہ چینی وزارت زراعت اور دیہی امور کی طرف سے کمبوڈیا کی وزارت زراعت ، جنگلات و ماہی پروری کو عطیہ کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ ویکسین کمبوڈیا میں مویشیوں کی صحت کو بڑھانے میں مثبت کردار ادا کریں گی۔