بیجنگ (شِنہوا) چین کی مہمان نوازی کی ایسوسی ایشن نے ملک کے رہائشی سہولیات فراہم کرنے والے شعبے پر زور دیا ہے کہ وہ غیرملکی مسافروں کے لیے مزید سہولیات فراہم کرے۔
منگل کو جاری کردہ ایک تجویز کے مطابق ان اقدامات میں ہوٹلنگ خدمات کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ، بیرون ملک بکنگ کے آپشنز میں اضافہ اور بین الاقوامی کریڈٹ کارڈز کے ذریعے ادائیگیوں کے طریقہ کار کو آسان بنانا شامل ہے۔ ایسوسی ایشن نے بین الاقوامی سیاحوں کے لیے تیار کردہ ٹیلی کمیونیکیشن اور کیٹرنگ کی خدمات کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی ٹی وی چینلز تک رسائی فراہم کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔ چین نے حال ہی میں بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے موبائل ادائیگیوں کو آسان بنانے کے اقدامات اٹھائے ہیں جن میں موبائل پیمنٹ پلیٹ فارمز کو سنگل ٹرانزیکشن کی حد بڑھانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔شناخت کی تصدیق کا عمل بھی آسان بنایا جارہا ہے۔ چین کی ٹورازم اکیڈمی کے مطابق اس سال میں ملک میں آنے اور باہر جانے والوں کے سفری دوروں کی تعداد 26کروڑ40لاکھ سے تجاوز کر جائے گی، جس سے سیاحت سے 107 ارب ڈالر کی آمدنی ہو گی۔