بیجنگ (شِنہوا) چین نے ووہان کے زلزلے کی نگرانی کے مرکز پر سمندر پار ہیکر گروپ کے سائبر حملے کی مذمت کی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے یہ بیان باقاعدہ نیوزبریفنگ میں ووہان زلزلہ مانیٹرنگ سنٹر پرسائبرحملے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں دیا۔ ووہان میونسپل ایمرجنسی مینجمنٹ بیورو کی جانب سے جاری کردہ بیان اورووہان پبلک سیکورٹی بیورو کے ایک بلیٹن کے مطابق، ملک کے نیشنل کمپیوٹر وائرس ایمرجنسی رسپانس سنٹر اور چینی کمپنی 360 نے اس حملے کا پتہ لگایا۔ کچھ میڈیا اداروں نے ابتدائی شواہد کے حوالے سے بتایا کہ یہ سائبر حملہ امریکہ سے ہوا تھا۔
ماؤ نے کہا کہ متعلقہ چینی ایجنسیوں کے بیانات کے مطابق، بیرون ملک حکومتی پس منظر کے حامل ایک ہیکر گروپ نے ووہان کے زلزلہ کی نگرانی کے مرکز پر سائبر حملہ کیا، جو قومی سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ہم غیر ذمہ دارانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ چین اپنی سائبر سیکورٹی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے گا۔