بیجنگ(شِنہوا) چین کی رواں سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران بیرون ملک سرمایہ کاری میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔جمعرات کو جاری کردہ یہ اعدادوشمار اس کے عالمی شراکت داروں کے ساتھ بہتر تعاون کا ثبوت ہیں۔
وزارت تجارت کے اعداد و شمار کے مطابق سال کے پہلے پانچ ماہ میں چین کی غیرمالیاتی بیرون ملک براہ راست سرمایہ کاری (او ڈی آئی) کا حجم 60ارب 20کروڑ ڈالررہا جو گزشتہ سال سے 16.3 فیصد زیادہ ہے۔
بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں شریک ممالک کے ساتھ تعاون میں اضافے کا رجحان برقرار رہا اور جنوری سے مئی تک ان ممالک میں کی گئی براہ راست سرمایہ کاری 12ارب81کروڑ ڈالر رہی جو ایک سال پہلے کی اسی مدت سے 12.7 فیصد زیادہ ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق کنٹریکٹ شدہ بیرون ملک منصوبوں کا کاروباری حجم گزشتہ سال سے 8.8 فیصد بڑھ کر58ارب 79کروڑ ڈالر جبکہ نئے دستخط شدہ معاہدوں کی مالیت 21.7 فیصد کے تیزرفتار اضافے سے 87ارب 30 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
بیرون ملک اور خطوں میں چینی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے وزارت کی جانب سے بیرون ملک منصوبوں کے ٹھیکوں سے متعلق ایک ضابطہ جاری کیا گیا جس کا اطلاق اس سال یکم جولائی سے ہوگا۔