بیجنگ(شِنہوا) چین کی ریاستی کونسل نے رواں سال مکمل ہونے والے اہم امور کی توثیق کرتے ہوئے انہیں ذمہ دار محکموں کو تفویض کر دیا ہے۔
وزیراعظم لی چھیانگ کی زیر صدارت ریاستی کونسل کے گزشتہ روز ہونے والے ایگزیکٹو اجلاس میں ٹیکس ریلیف کی بعض پالیسیوں کو جاری رکھنے اور بہتر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، زراعت، دیہی علاقوں اور کسانوں سے متعلق ایک ورک پلان کی منظوری دی گئی ،اجلاس میں غربت کے خاتمے کی کامیابیوں کومستحکم کرنے کے بارے میں ایک رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
اجلاس میں ذمہ دار حکومتی اداروں سے 103 امور کو تفصیلی پالیسیوں اور ٹھوس اقدامات کے ساتھ مکمل کرنے پر زوردیا گیا۔
اجلاس میں حکومتی اداروں پر تفصیلی تحقیق کرنے پر زوردیتے ہوئے کہا گیا کہ پرائمری سطح پر حقائق کی بنیاد پر پالیسیاں بروقت ترتیب دینی چاہئیں۔
اجلاس کے مطابق، اقتصادی ترقی میں اعتماد کو مضبوط کرنے کے لیے، ملک ٹیکس اور فیس میں کٹوتیوں کا سلسلہ جاری رکھے گا یا انہیں اپ گریڈ کرے گا، جن کا مجموعی حجم موثر رہنے تک 480 ارب یوآن (تقریباً 70ارب 20کروڑ ڈالر)سے زائد سالانہ رہنے کی توقع ہے۔