کولمبو(شِنہوا) سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے نے چین کی تعمیر کردہ کولمبو پورٹ سٹی میں کام کرنے کے خواہاں کاروباری اداروں کی رجسٹریشن کے لیے ضوابط جاری کیے ہیں۔
وزیر برائے خزانہ، اقتصادی استحکام وقومی پالیسیز کی حیثیت سے صدر نے یہ ضوابط ایک غیرمعمولی گزٹ میں جاری کیے۔ ضوابط کے مطابق کولمبو پورٹ سٹی میں کاروبار شروع کرنے کے خواہشمند افراد کو کولمبو پورٹ سٹی اکنامک کمیشن (سی پی سی ای سی) کو درخواست دینا ہوگی تاکہ وہ ایک ایسے مجاز شخص کے طور پر اہلیت کا لائسنس حاصل کرسکے جس کو کاروبارکرنے کی اجازت ہو۔
سی پی سی ای سی درخواست اور معاون دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد اصولی طور پر منظوری کا خط جاری کرے گا۔ کمیشن کی جانب سے یہ اطمینان کرنے کے بعد کہ درخواست دہندہ نے تمام قانونی اور ضابطے کی ضروریات کو پورا کیا ہے اور اس نے منظوری کے خط میں بیان کردہ تمام شرائط کی تعمیل کی ہے، تو درخواست دہندہ کو کولمبو پورٹ سٹی میں کاروبارکرنے کا لائسنس جاری کیاجائے گا۔
لائسنس جاری ہونے کی تاریخ سے 12 ماہ کی مدت کے لیے مستند تصور ہوگا۔ تاہم، اگر درخواست گزار لائسنس جاری ہونے کے چھ ماہ کے اندر کاروبار شروع نہیں کرتا ہے تو لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔