شام، دارالحکومت دمشق میں دمشق بین الاقوامی ہوائی اڈے پر چین کی جانب سے انسانی امداد کی کھیپ پہنچی ہے۔(شِنہوا)
دمشق (شِنہوا) چین کی جانب سے ایک طیارہ انسانی امداد کی ایک کھیپ کے ہمراہ دمشق پہنچ گیا تاکہ شام میں گزشتہ ہفتے آنے والے شدید زلزلوں کے اثرات پر قابو پانے میں مدد کی جاسکے۔
شام میں چین کے سفیر شی ہونگ وی اور شام کی مقامی انتظامیہ اور وزارت ماحولیات کے معاون وزیر معتاز داؤجی امدادی سامان کی منتقلی کاعمل دیکھنے کے لیے ہوائی اڈے پر موجود تھے۔
شی نے ہوائی اڈے پر صحافیوں کو بتایا کہ اس امداد میں 80 ٹن طبی سامان مثلاً سانس لینے والے اور آکسیجن پیدا کرنے والے آلات کے ساتھ ساتھ خیمے، ابتدائی طبی امداد کی کٹس، کمبل، سردیوں کے کپڑے اور کھانے کا سامان شامل ہے۔
شی نے کہا کہ چین اور شام ہزاروں میل کی دوری کے باوجود ہمیشہ سے اچھے اور سچے دوست رہے ہیں جنہوں نے ایک دوسرے کومددفراہم کی ہے اور ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہیں۔
سفیر نے مزید کہا کہ چین کی حکومت کی جانب سے خوراک اور طبی سامان کی صورت میں مزید انسانی امداد فوری فراہم کی جائے گی۔
علاوہ ازیں زلزلے کی تباہی پر قابو پانے کے لیے شام کی کوششوں میں مدد کے سلسلے میں مواصلاتی آلات فراہم کیے جائیں گے۔
اس موقع پر داؤجی نے کہا کہ اب شام کی حکومت کی ترجیح زندہ بچ جانے والوں کی مدد کرنا اور انہیں درکار مدد فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شام کے لوگ چین جیسے دوستوں کی مدد سے تباہی پر قابو پا سکتے ہیں اور اپنے گھروں کو دوبارہ تعمیر کر سکتے ہیں۔