بیجنگ(شِنہوا) چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ چین-کرغزستان-ازبکستان ریلوے منصوبہ تینوں ممالک کی تعاون اور ترقی کی مشترکہ خواہش کا اظہار ہے۔
ترجمان ما وننگ نے ان خیالات کا اظہار روزانہ کی پریس بریفنگ میں اس منصوبے سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا،اس سہ فریقی معاہدے پر گزشتہ روز بیجنگ میں دستخط کیے گئے۔
ترجمان نے کہا کہ اس منصوبے سے تینوں ممالک کے ساتھ ساتھ وسطی ایشیائی خطے کی اقتصادی اور سماجی ترقی کو بھرپور فروغ حاصل ہوگا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ یہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کی اہمیت کا ایک اور ثبوت ہے جس سے وسطی ایشیا میں بنی نوع انسان کے ہم نصیب مستقبل کے ساتھ ایک کمیونٹی کے نقطہ نظر کی مقبولیت ظاہر ہوتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ازبکستان پہلا ملک تھا جس نے 1996 میں اس سہ فریقی ریلوے کا خیال پیش کیا ۔ گزشتہ تقریبا تین دہائیوں کے دوران، تینوں ممالک نے اس نظریے پر مشاورت اور مذاکرات کے کئی ادوار کیے۔
ماو نے کہا کہ گزشتہ مئی میں،اس ریلوے منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی بنیادی طور پر مکمل کی گئی ، جس سے اس منصوبے پر عمل درآمد میں تیز رفتاری سے پیش رفت ہوئی۔