تائی یوآن (شِنہوا)چین کے شمالی صوبے شنشی میں 2 ہزار برس سے زائد قدیم 445 مقبروں کی کھدائی کی گئی ہے جس سے اس دور میں تدفین اور دیگر رسم و رواج کی تحقیق کے لئے قیمتی معلومات ملی ہیں۔
مقامی آثار قدیمہ کے حکام کے مطابق یہ مقبرے متحارب ریاستوں کے دور (475-221 قبل مسیح) سے تعلق رکھتے ہیں، جو لین فین شہر کے دیہات شوئے ژوآنگ سے تقریبا 500 میٹر شمال میں دریافت ہوئے تھے ۔ شنشی صوبائی انسٹی ٹیوٹ برائے آثار قدیمہ کی زیرنگرانی ایک سال سے زائد عرصے سے کھدائی کا کام جاری ہے۔
انسٹی ٹیوٹ کے ایک محقق دوآن شوانگ لونگ کے مطابق یہ مقبرے چھوٹے یا درمیانے سائز کے ہیں جن سے کانسی ، لوہے اور مٹی کے برتن، قیمتی پتھروں سے بنی اشیا اور ہڈیوں کی باقیات سمیت 700 سے زیادہ ثقافتی آثار ملے ہیں۔
دوآن کی رائے میں یہ دریافت متحارب ریاستوں کے دور سے چھن خاندان (221-207 قبل مسیح) تک ثقافتی ارتقا ء کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔