نان چھانگ (شِنہوا) چین میں 2023 کی ابتدائی 3 سہ ماہی کے دوران دیہی علاقوں میں 1 لاکھ 18 ہزار کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر اور تزئین و آرائش کی گئی ہے جس سے سالانہ ہدف کا 90 فیصد سے زیادہ حصہ حاصل کرلیا گیا۔
نائب وزیر ٹرانسپورٹ وانگ کانگ نے حال ہی میں مشرقی صوبے جیانگ شی کے شہر جنگ گانگ شان میں منعقدہ ایک اجلاس میں بتایا کہ اسی عرصے میں دیہی سڑکوں میں فکسڈ اثاثوں میں سرمایہ کاری 358.7 ارب یوآن (تقریباً 50 ارب امریکی ڈالر) تک پہنچ گئی جو گزشتہ برس کی نسبت 5.1 فیصد زیادہ ہے۔
وانگ نے مزید بتایا کہ وزارت ٹرانسپورٹ دیہی سڑکوں میں اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دے رہی ہے تاکہ ملک کی دیہی بحالی کی حکمت عملی میں تعاون کیا جاسکے اور زراعت و دیہی علاقوں میں جدیدیت کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ مشترکہ خوشحالی کو فروغ دیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ دیہی سڑکوں میں 5 ہزار 409 خطرناک پلوں کی تزئین و آرائش کی گئی اور ابتدائی 3 سہ ماہی میں ملک بھر میں 7 ہزار 679 لیول کراسنگز پر 15 ہزار اسپیڈ بمپ لگائے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزارت اگلے مرحلے میں دیہی علاقوں میں پرانی سڑکوں کی تعمیر نو کو فروغ دینے میں موجودہ سڑکیں چوڑی کرنے کے ساتھ ساتھ گزرنے کے راستوں کی تعمیر کے فروغ کی زیادہ کوششیں کرے گی۔
وانگ نے کہا کہ اس سے سبز سڑکوں کی تعمیر کو بھی فروغ ملے گا اور دیہی سڑکوں پر مبنی معیشت کی ترقی بھی تیز ہوگی جس کا مقصد اعلیٰ معیار کی دیہی سڑکوں کی ترقی سے مختلف علاقوں میں مزید خوشحالی لانا ہے۔
وانگ کے مطابق 2022 کے اختتام تک چین میں دیہی سڑکوں کی مجموعی لمبائی 45 لاکھ 30 ہزارکلومیٹر ہوچکی تھی۔